The global site tag (gtag.js) is now the Google tag. With this change, new and existing gtag.js installations will get new capabilities to help you do more, improve data quality, and adopt new features – all without additional code. مقررین کی تنظیم گلشن خطابت کو سو ہفتے مکمل ائمہ مساجد اور مقررین کے لیے جمعرات کو شہری سطح کا پروگرام

مقررین کی تنظیم گلشن خطابت کو سو ہفتے مکمل ائمہ مساجد اور مقررین کے لیے جمعرات کو شہری سطح کا پروگرام

 از : مفتی محمد عامر یاسین ملی 


اہلیان شہر اس بات سے واقف ہیں کہ مالیگاؤں کے خطباء اور مقررین کی تنظیم ’’گلشن خطابت‘‘ کے نام سے گزشتہ دو سال قبل (نومبر2020ء) قائم ہوئی،اس تنظیم کے قیام کا بنیادی مقصد خطاب جمعہ کے نظام کو منظم و مستحکم کرنااورنماز جمعہ سے قبل مشترکہ طور پر خطاب کے ذریعے عام مسلمانوں کی بر وقت دینی رہنمائی کا فریضہ انجام دینا ہے۔ شہر عزیز کے اکابر علماء کرام کی سرپرستی گلشن خطابت گروپ کو روز اول سے حاصل ہے، ساتھ ہی ساتھ مقررین اور مساجد کے ائمہ و ذمہ داران کا گرانقدر تعاون بھی ملتا رہا ہے ! فی الوقت اس گروپ میں ڈیڑھ سو مقامی خطباء اور ائمہ مساجدشامل ہیں، جب کہ بیرونی خطباء کی تعداد ساڑھے پانچ سو ہے۔ہر ہفتہ حالات حاضرہ کی مناسبت سے عنوان متعین کر کے مقررین کو تقریری مواد فراہم کیا جاتا ہے ،تا کہ مقررین طے شدہ عنوان پر مدلل انداز میں تقریر کرسکیں۔ اسی طرح جمعرات کے روز ایک جامع فہرست اخبارات اور سوشل میڈیا کے ذریعے عام کی جاتی ہے جس میں عنوان کی نشاندہی کے علاوہ متعینہ مساجد میں بیان شروع ہونے کا وقت اور مقررین کے نام وغیرہ درج ہوتے ہیں، اس فہرست کی مدد سے عام مسلمان ان مساجد میں وقت پر پہنچ کر جمعہ کا خطاب سنتے ہیں ۔

الحمدللہ !گزشتہ دو سال سے مشترکہ خطاب جمعہ کاسلسلہ بحسن و خوبی جاری ہے، اور اس دینی و اصلاحی جدو جہد کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔مثلا

1)مساجد میں خطاب جمعہ سننے والے مصلیان کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

2)بہت ساری مساجد میں پہلے کی بنسبت زیادہ اہتمام کے ساتھ جمعہ کا خطاب ہونے لگا ہے۔

3) عنوان متعین ہونے اور تقریری مواد مل جانے سے خود مقررین کو خطاب کرنے میں سہولت ہوئی ہے ۔

4) مشترکہ طور پر سینکڑوں مساجد سے ایک ہی عنوان پر خطاب ہونے کے نتیجے میں باتیں زیادہ مؤثر ثابت ہورہی ہیں اور عام مسلمان ان پر غور کرنے لگے ہیں بلکہ باہمی ملاقات کے وقت اور اپنی نجی مجالس میں جمعہ کے بیان میں کہی گئی باتوں پر چرچا کرتے ہیں ۔

*ایسے سلگتے ہوئے عنوانات پر بھی جمعہ سے قبل مساجد میں خطاب کیا جارہا ہے جن عنوانات پر عموماً بیانات نہیں ہوا کرتے ۔

*ذمہ داران مساجد کے لیے خطاب جمعہ کی غرض سے بروقت مقررین سے رابطہ کرنے میں آسانی ہوگئی ہے ۔ ان کی درخواست پر شہر کی متعدد مساجد میں گلشن خطابت کے مقررین پہنچ کر خطاب کرتے ہیں۔

قارئین ! حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کا قول ہے کہ خلوص کا کبھی نہیں رکتا اور نمائش کا کام سدا نہیں چلتا۔ گلشن خطابت گروپ کے تمام احباب نے اخلاص اور اہتمام کے ساتھ نماز جمعہ سے قبل متحدہ اور مشترکہ طور پر خطاب کرنے کا بیڑہ اٹھایا اور اللہ پاک کی اس سلسلے میں خصوصی مدد شامل رہی، اب تک کم و بیش ساٹھ(60) سلگتے ہوئے اور اہم عنوانات پر گروپ کے مقررین نے چار ہزار (4000) سے زائد تقریریں شہر مالیگاؤں کی مساجد میں کی ہیں ۔ فالحمد للّٰہ علی ذلک

  گزشتہ جمعہ 14؍اکتوبر 2022ء کو گلشن خطابت کے قیام کو سو ہفتے مکمل ہوئے،اس مناسبت سے گلشن خطابت کی انتظامی کمیٹی کی جانب سے ایک عظیم الشان تہنیتی تقریب واجتماع برائے ائمہ وخطباء کا انعقاد مورخہ 20؍اکتوبر بروزجمعرات بعد نماز عشاء فوراً مسجد رابعہ عبد الغفور (مسلم پورہ) میں کیا جارہا ہے،تاکہ مقررین کی حوصلہ افزائی کی جائے اور خطاب جمعہ کے نظام کو ائمہ مساجد اور مقررین کی معاونت سے مزید پختہ کیا جاسکے۔ یہ پروگرام حضرت مولانا محمد ادریس عقیل ملی قاسمی صاحب کی سرپرستی اور مفتی محمد اسماعیل قاسمی صاحب کی صدارت میں منعقد ہوگا، جبکہ مقرر خصوصی حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب ہوں گے۔ اسی طرح شہر عزیز کے اکابر علماء کرام اور تمام ائمہ مساجد و مقررین بھی بطور خاص شریک ہوں گےان شاء اللہ! یہ پروگرام خالص ائمہ مساجد اور مقررین کے لیے منعقد کیا جارہا ہے، جس کا دعوت نامہ ائمہ اور مقررین کی خدمت میں بھیجا جارہا ہے ۔ میں گلشن خطابت گروپ کی جانب سے شہر کے تمام ہی ائمہ مساجد اور مقررین سے درخواست کرتا ہوں کہ اپنی نوعیت کے منفرد اور انتہائی اہمیت کے حامل اس بامقصد پروگرام میں ضرور شرکت فرمائیں ۔

Post a Comment

0 Comments