مفتی محمد اسماعیل قاسمی صاحب کی کتاب
آپ عمرہ کیسے کریں !
عازمین عمرہ کے لئے رہنمائی کا ذریعہ
تبصرہ نگار: مفتی محمد ناظم ملی
محترم قارئین !
آپ جانتے ہیں کہ عمرہ ایک مہتم بالشان عبادت
( بندگی) ہے،اور ہم کوئی بھی عبادت اپنی مرضی سے ادا نہیں کرسکتے۔سفر عمرہ میں بنیادی چیز اتباع سنت کا اہتمام ہے، یعنی حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے جس طریقے پر عمرہ کیا ہے، ہمیں بھی اسی طریقہ پر کرنا ہے۔ اللہ تعالی کو اپنے محبوب کا طریقہ پسند ہے اور اس کے علاوہ کسی کا بھی طریقہ پسند نہیں ہے اس لیے اس نے یہ فیصلہ فرمایا ہے کہ اس کی بارگاہ میں وہی عمل مقبول ہوگاجو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل کے جیسا ہوگا،اس لیے اس بات کو پیش نظر رکھنا ضروری ہے کہ عمرہ کا پورا سفر اور عمرہ کے تمام اعمال و ارکان سنت کے مطابق انجام پائیں۔
واضح ہو کہ عمرہ کی ادائیگی تو آسان ہے البتہ اسے سیکھنا ضروری ہے۔ دیکھا یہ گیا ہے کہ عازمین، حج اور عمرہ کا مسنون طریقہ سیکھنے کے سلسلے میں کوتاہی برتتے ہیں، وہ ظاہری تیاری تو خوب کرتے ہیں لیکن روحانی اور علمی تیاری میں غفلت کا مظاہرہ کرتے ہیں اور پھر اپنے ذہن سے یا دوسروں کی نقل کرتے ہوئے ارکان ادا کرتے ہیں، جس کی وجہ سے بعض مرتبہ دم بھی واجب ہو جاتا ہے اور بعض مرتبہ عمرہ یا حج ادا ہی نہیں ہوتا اور اتنی محنت و مشقت اٹھانے اور کثیر سرمایہ خرچ کرنے کے باوجود وہ خالی ہاتھ لوٹتے ہیں۔ چنانچہ اس کایہ حل تجویز کیا گیا کہ حج اور عمرہ کلاس کا انعقاد کیاجائے،الحمدللہ حج اور عمرہ کی تربیتی کلاسوں کے ذریعے عازمین حج و عمرہ کو کافی حد تک فائدہ پہنچ رہا ہے،لیکن بعض حضرات معذوری یا دوری کے سبب ان تربیتی کلاسوں میں حاضر نہیں ہو پاتے اور جو حضرات حاضر ہوتے ہیں، انہیں تمام باتیں یاد نہیں رہتیں،اس لئے حج اور عمرہ کی ادائیگی کے مسنون طریقے پر بے شمار اہم کتابیں لکھی گئیں۔
شہر عزیز کے نوجوان اور فعال عالم دین ہمارے عزیزدوست مفتی محمد عامر یاسین ملی صاحب (امام وخطیب مسجد یحی زبیر) نے معلم الحجاج والمعتمرین حضرت مولانا مفتی محمد اسماعیل قاسمی دامت برکاتھم کی ہدایت پر عمرہ کے عنوان پر یہ کتاب مرتب کی تھی، جو مقبول ہوئی، فی الحال اس کا نیا ایڈیشن شائع ہوا ہے۔ مضامین کی عمدگی اور خوبصورت ودیدہ زیب ٹائٹل سے آراستہ پاکٹ سائز اس کتاب کا نام ہے: آپ عمرہ کیسے کریں؟
یہ کتاب جامع مسجد مالیگاؤں میں عمرہ کلاس میں کئے گئے مفتی محمد اسماعیل قاسمی صاحب مدظلہ کے تربیتی بیانات پر مشتمل ہے،جس کے مضامین کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے:
* پہلا حصہ سفر عمرہ کی تیاری سے متعلق ہے۔
*دوسرا حصہ عمرہ کی مسنون ادائیگی کے طریقے پر مشتمل ہے۔
* تیسرے حصے میں مدینہ منورہ کی زیارت کے آداب درج ہیں۔
ذیلی عناوین کی مدد سے تقریبا تمام اہم باتوں پر معتدل انداز میں روشنی ڈالی گئی ہے اور عام طور پر پیش آنے والے مسائل اور کے حل کو بھی پیش کیا گیا ہے، تاکہ ہمارے عازمین اس مبارک سفر میں عمرہ کےفضائل اور مسائل سے واقف ہو کر مسنون طریقہ پر عمرہ کی ادائیگی کرکے اس کی برکت حاصل کریں اور اللہ کے دربار سے اپنی مغفرت کا تحفہ اور رضائے الہی کا پروانہ لے کر لوٹیں۔
اللہ رب العزت کی ذات سے امید ہے کہ یہ کتاب عازمین عمرہ کے لئے مفید اور رہنما ثابت ہوگی! واللہ الموفق وھو المستعان
نوٹ: شہر کے سویرا بکڈپو، سٹی بکڈپو ، ناز بکڈپو اور عبداللہ بکڈپو پر یہ کتاب دستیاب ہے.
عمرہ ٹور لے جانے والے حضرات اگر اپنے ٹور سے جانے والے عازمین کو یہ کتاب تحفہ میں دینا چاہیں تو ان کو رعایتی قیمت پر یہ کتاب فراہم کی جائے گی۔ جو حضرات یہ کتاب حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ اس نمبر پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں:
8446393682
*-*-*
0 Comments