از: نعیم سلیم مالیگاؤں
اپنا زمانہ آپ بناتے ہیں اہلِ دل
ہم وہ نہیں کہ جن کو زمانہ بنا گیا
شہر عزیز مالیگاؤں کے صف اول کے خوشنویس محمد ایوب پینٹر 21 جنوری 2023 بروز سنیچر مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے.
فنکاروں کی سرزمین اور محلہ اسلامپورہ انصار روڈ پر نہ صرف شہر مالیگاؤں بلکہ ملک و بیرون ملک اپنی خطاطی کے لیے مشہور مرحوم نثار پینٹر کے پڑوس میں ایک نوجوان دن میں پاورلوم مزدوری کرتے اور پھر شام میں لکھنے کی مشق کرتے. برسوں کی جہد مسلسل کے نتیجے میں ایک وقت ایسا آیا کہ ایوب پینٹر شہر کا معیاری نام ہوگیا. خوبصورت رنگوں سے مزین خط لاہوری اور خط دہلوی سے جب سائن بورڈ اور بینرس لکھتے تو دیکھنے والے حیرت سے دیکھتے رہ جاتے. انتہائی شریف النفس، کم گو اور زبردست حس مزاح رکھنے والے تھے.
لوگ کسی فن کے ماہر کیلئے کہتے ہیں کہ اس کے بائیں ہاتھ کا کام ہے اور ممدوح تو بائیں ہاتھ سے لکھتے ہی تھے. بلیک بورڈ تو اتنا شاندار لکھتے کہ لوگ ایک دوسرے سے پوچھتے کہ اتنا خوبصورت کس نے لکھا. چند بیرونی علماء کرام نے خصوصی طور پر ملاقات کی. اور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں دعاؤں سے نوازا.
زمانہ طالب علمی (پرائمری و سیکنڈری) کے دوران ناچیز روزانہ ہی انہیں اور مرحوم نثار پینٹر کو لکھتے دیکھتا تھا. ان سے ہی تحریک پاکر محترم مامون الرشید سر اور مرحوم یوسف جمال سر سے باقاعدہ فن کتابت سیکھا.
کمپیوٹر اور ڈیجیٹل دور آنے پر اکثر پینٹر مایوس ہوکر اپنی راہیں تبدیل کرنے لگے. کچھ لوگ زمانے کے ساتھ چلتے ہوئے اپنے فن کو اپڈیٹ کرنے لگے. مگر ان چند باہمت لوگوں میں ایوب پینٹر کا شمار رہا جنھوں نے آخری دم تک برش نہیں چھوڑا. دراصل یہ ان کا فن ہی تھا جس نے ڈیجیٹل بورڈز اور بینرس کا مقابلہ کیا. مشینوں کی چمک دمک کو اپنے دست محنت کی چمک سے ماند کردیا. یہی وجہ ہے کہ چند ماہ پیشتر مالیگاؤں پینٹرس کی متحدہ نمائندہ تنظیم اردو پینٹرس گروپ نے اسکس ہال مالیگاؤں میں آپ کے فن کا اعتراف کرتے ہوئے حق بحقدار رسید کے مصداق آپ کو اعزاز سے نوازا تھا.
آپ نے اپنے فن کو خود تک محدود نہیں رکھا. مشہور آرٹسٹ عزیز دوست پینٹر احمد شفیق، پینٹر شبیر سر کو ناچیز نے اکتساب فیض حاصل کرتے ہوئے دیکھا ہے.
بڑے صاحبزادے پینٹر عبدالرحیم جو پہلے شعبہ پرنٹنگ سے وابستہ تھے. مرحوم ایوب پینٹر نے اپنا فن بیٹے میں منتقل کردیا. عبدالرحیم اچھے خوشنویس کے ساتھ بہترین مصور ہیں. وال پینٹنگ میں بھی آپ کا جواب نہیں. اب برادر عبدالرحیم اپنا فن بیٹے عبداللہ، عبدالرحمن میں منتقل کررہے ہیں. ماشاءاللہ تیسری نسل اس فن میں اپنا مقام بنارہی ہے. مولائے کریم سے دعا ہے کہ ہمارے ممدوح کرم فرما محمد ایوب پینٹر کی بخشش و مغفرت فرمائے. ان کے سیئات کو حسنات سے مبدل فرمائے. بیوہ، بیٹے بیٹیوں کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین ثم آمین...
0 Comments