The global site tag (gtag.js) is now the Google tag. With this change, new and existing gtag.js installations will get new capabilities to help you do more, improve data quality, and adopt new features – all without additional code. آپ رمضان کیسے گزاریں؟؟ از : مفتی محمد عامر یاسین ملی

آپ رمضان کیسے گزاریں؟؟ از : مفتی محمد عامر یاسین ملی

     بندۂ مومن کامقصدزندگی عبادت باری تعالیٰ ہے اور اس کا


اصل ٹھکانہ خدائی مہمان خانہ (جنت) ہے۔ عبادت سے مراد شریعت مطہرہ کی اس طور پر پیروی کی جائے کہ اس کے تمام احکام و اوامرکو پورے طو ر بجا لایاجائے اور منہیات و نواہی سے بچنے کی کوشش کی جائے ۔ ہر وقت یہ کوشش اور فکر ہو کہ نیکیوں میں کس طرح اضافہ ہو اور گناہوں میں کمی واقع ہو،اس لیے کہ روز قیامت جب میزان قائم ہو گی اوراعمال کوتولاجائے گا تووہ شخص کامیاب و با مراد ہو گا جس کی نیکیوں کا پلڑا بھاری ہوگا ،جب کہ ایسا شخص ناکام و نامراد ہوگا جس کے گناہوں کا پلڑا نیکیوں کے پلڑے سے زیادہ وزنی ہوگا۔

  ماہ رمضان المبارک نیکیوں کا ایسا موسم بہار ہے، جس میں بندگان خدا اپنے نامہ اعمال میں نیکیوں کاذخیرہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، چوں کہ اس مہینہ میں ایک نیکی کا بدلہ ستر نیکیوں کی شکل میں ملتا ہے،اس لئے معمولی توجہ اور محنت سے روزہ ، تراویح صدقہ وخیرات اور اعتکاف وغیرہ کے ذریعہ بندہ کے نامہ ٔ اعمال میں نیکیوں کا انبار لگ جاتا ہے، جب کہ توبہ و استغفا ر اور ندامت کے آنسو گذشتہ سارے گناہوں کو دھل دیتے ہیں۔ یقینا خوش نصیب ہیں وہ مسلمان جو رمضان المبارک کی قدر کرتے ہیں اور اپنے دامن کو نیکیوں سے بھر لیتے ہیں۔ اسی طرح محروم اور نامراد ہیں وہ لوگ جو رمضان جیسے بابرکت مہینے کو غفلت کے ساتھ گزار دیتے ہیں۔ 

    الحمد للّٰہ اکثر مسلمان رمضان المبارک میں عبادتوں کا اہتمام توکرتے ہیں لیکن علم نہ ہونےکی وجہ سے عبادات کی انجام دہی میں ان سے غلطیاں بھی سرزد ہوتی ہیں جن کے نتیجے میں عبادتیں اور اعمال یا تو ادھورے رہ جاتے ہیں یا پھر ضائع ہوجاتے ہیں اور اس طرح ان کے اعمال اللہ پاک کی بارگاہ میں قبول نہیں ہوپاتے۔ آج بے شمار مسلمان ایسے ہیں جو روزہ تو رکھتے ہیں لیکن یہ نہیں جانتے کہ روزہ کے آداب کیا ہیں اور کن چیزوں سے روزہ مکروہ یا فاسد ہوجاتا ہے، اسی طرح زکوۃ دینے والے اس بات سے ناواقف ہوتے ہیں کہ کس مال پر کتنی زکوٰۃ فرض ہے اور کن لوگوں اور رشتے داروں کو زکوۃ دی جاسکتی ہے اور کن لوگوں کو زکوۃ دینا درست نہیں ہے۔ یہی حال نماز تراویح، اعتکاف، شب قدر ، صدقہ فطر اور دیگر اعمال انجام دینے والوں کا ہے کہ وہ ان اعمال کے بنیادی مسائل اور طریقہ کار سے نابلد ہوتے ہیں۔

      اس صورتحال کے تناظر میں گزشتہ دنوں ہم نے ایک کتاب ترتیب دے کر شائع کی جس کا نام ہے" آپ رمضان کیسے گزاریں؟"اس کتاب میں رمضان المبارک میں انجام دیئے جانے والے اعمال روزہ،تراویح،زکوۃ اعتکاف ،شب قدر ،صدقہ فطر وغیرہ کے فضائل ومسائل مختصر اور آسان انداز میں لکھے کیے گئےہیں تاکہ ہمارے یہ اعمال درست طریقہ پر انجام پاکر بارگاہ الٰہی میں قبولیت کا شرف پاسکیں اور ہم لوگ اس طور پر رمضان کا مہینہ بسر کریں اور یہ مہینہ ہمارے لیے حصول رحمت و مغفرت اور آخرت میں نجات پانے کا ذریعہ ثابت ہو۔ کتاب کے اخیر میں شوال کے چھ روزوں کے فضائل ومسائل بھی بیان کیے گئے ہیں۔

       قارئین سے گزارش ہے کہ اس کتاب کو حاصل کرکے اہتمام کے ساتھ اس کا مطالعہ کریں اور اہل خانہ کو بھی مطالعہ کی ترغیب دیں،ممکن ہوتویہ کتاب خرید کر اپنے رشتے داروں اور دوست واحباب میں اس نیت سے تقسیم کردیں کہ وہ بھی درست طریقہ پر مذکورہ عبادتوں کو انجام دیں اور اہتمام کے ساتھ رمضان کا مہینہ گزاریں۔

نوٹ: یہ کتاب شہر کے معروف کتب خانوں ( سٹی بکڈپو سویرا بکڈپو نورانی بکڈپو اور عبداللہ بکڈپو) پر دستیاب ہے۔ 

رابطے کے لیے 8446393682

Post a Comment

0 Comments