"مصطفوی نظام معیشت" نوری مشن کی 134؍ویں اشاعت منظر عام پر📚
ماہِ رمضان کی نسبت سے معاشی ذرائع سے منسلک افراد کے لیے اہم تحفہ
مالیگاؤں: مصطفوی نظام معیشت کی دُنیا کو ضرورت ہے ،جو رزق و معاش کے جمیع حرام و ناجائز ذرائع پر قدغن لگاتا ہے اور انسانیت کا نجات دہندہ ہے۔ صدق ووَفا کی بنیاد پر ہر ایک کے حقوق کا ضامن و کفیل ہے۔ یہی وہ نظام ہے جسے اپنا کر دُنیا ظالمانہ معاشی نظام سے بچ کر منصفانہ راہ پر چل سکتی ہے۔ انسان کو انسان کی غلامی سے بچا کر اسلام کے تصورِ توحید کی بنیاد پر انسانی حقوق کا تحفظ مصطفوی نظامِ معیشت کا اہم پہلو ہے۔ اسی رُخ سے نوری مشن/اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر نے اپنی 134؍ویں اشاعت ’’مصطفوی نظامِ معیشت‘‘ کو منصۂ شہود پر لایا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد مسعود احمد مجددی کا یہ مقالہ بڑا فکر انگیز اور کتاب و سنت کے دلائل سے مزین ہے۔ جس کا مطالعہ فکر و شعور کی گرہیں کھولے گا۔ آج دولت کو چند ہاتھوں میں مقید کر دیا گیا ہے۔ سرمایہ دارانہ نظام نے انسانیت کا استحصال کیا ہے۔ مصطفوی نظامِ معیشت ہی انسانیت کو اس کے باوقار مقام پر فائز کرتا ہے۔ ناداروں کی کفالت، غریب پروری، زکوٰۃ کے ذریعے مستحقین کی اعانت جیسے درجنوں پہلوؤں کو کتاب کے 40؍ صفحات میں سمیٹ لیا گیا ہے۔ محققانہ ودل چسپ طرزِ نگارش و منفرد اسلوب نے کتاب کی اہمیت میں اضافہ کیا ہے۔ تمہیدی مقالہ علامہ محمد عبدالمبین نعمانی قادری نے لکھا ہے اور اس میں معاش کے اسلامی احکام پر عام فہم انداز میں روشنی ڈالی ہے۔ فرماتے ہیں: ’’اسلام جہاں ذریعۂ معاش اختیار کرنے اور کسب مال کی طرف توجہ دلاتا ہے، وہاں حلال و جائز رزق کے حصول کو فرض بھی قرار دیتا ہے، حرام و ناجائز سے بڑی سختی کے ساتھ روکتا ہے کہ:قرآن پاک میں حکم ہے: ’’پاک اور حلال کھاؤ‘‘ حدیث پاک میں تاکید ہے کہ حرام سے بچو اور حلال ہی اختیار کرو۔‘‘ بہر کیف! یہ کتاب موجودہ شعبۂ معاشیات میں اسلامی نظام کی طرف راہبر و رہنما ہے۔ چشم کشا اور معلومات افزا ہے۔ مصلحانہ کوشش ہے۔ جس کی تقسیم نوری مشن کی روایت کے مطابق بِلاقیمت ہوگی۔ دَستی حصول کے لیے مدینہ کتاب گھر مدینہ مسجد مالیگاؤں رابطہ کریں اور سوشل میڈیا کے ذریعے پی ڈی ایف فائل طلب کریں۔رابطہ
معین پٹھان 7588815888،
فرید رضوی 9273574090
غلام مصطفیٰ رضوی 9325028586
٭ نوری مشن مالیگاؤں
***
6 اپریل 2022ء
https://www.facebook.com/107640804524449/posts/401743745114152/
0 Comments