دیانہ میں کارنر میٹنگوں سے مفتی محمد عامر یاسین ملی کا خطاب
ہمارے آقا جناب رسول اللہ ﷺ مکہ کے جس معاشرے میں نبی بنا کر بھیجے گئے وہاں ہر طرح کی سماجی اور اخلاقی برائیاں پنپ رہی تھیں،شراب مکہ کے لوگوں کی گھٹی میں پڑی ہوئی تھی ،بے حیائی اور بدکاری کا گناہ عام تھااور ظلم وزیادتی کا دور دورہ تھا،کمزوروں اور غریبوں کا کوئی پرسان حال نہ تھا،ایسے ماحول میں حضور اکرم ﷺ نے اپنی دینی واصلاحی جدوجہد کا آغاز فرمایا اور مختلف تدبیروں اور مسلسل کوششوں کے ذریعے معاشرے میں پنپ رہی برائیوں کا خاتمہ فرمایااورلوگوں اچھے اخلاق اور بلند کردار کی تعلیم دی،سیرت طیبہ کا سب سے نمایاں عنوان معاشرے کی اصلاح ودرستگی کے لیے جدو جہد کرنا ہے اور بحیثیت امتی ہر مسلمان مر د عورت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول اور معاشرے کو پاکیزہ بنانے کی کوشش کرے۔ان فکر انگیز جملوں کا اظہار مفتی محمد عامریاسین ملی نے سنیچر کے روز دیانہ اوررمضان پورہ کے متعدد چوک چوراہوں پر منعقد کی گئی کارنر میٹنگ میں کیا۔پہلی میٹنگ ملا کی ہوٹل کے پاس ،دوسری میٹنگ ماما کی ہوٹل کے پاس،تیسری احمد ہوٹل کے پاس ،چوتھی پاپا کی ہوٹل کے پاس ،پانچویں مصطفے چوک میں منعقد کی گئی ۔تمام میٹنگوں میں اچھی تعداد میں نوجوانوں ،پاورلوم مزدوروں اور بڑی عمر کے افراد شریک ہوئے ،جن سے خطاب کرتے ہوئے مفتی موصوف نے کہا کہ ہم اگر یہ چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے اچھی عادات اپنے اندر پیدا کریں ،نوجوان اولاد ماں باپ کی خدمت کریں اور خواتین محفوظ رہیں تو ہمیں سماج میں پائی جارہی برائیوں بطور خاص نشہ ،موبائل کا غلط استعمال لڑائی جھگڑا ،ناجائز تعلقات اور خودکشی کی روک تھام کے لیے کوشش کرنی ہوگی ۔خودکشی کی وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے روزگاری ،غریبی ،قرض کے بوجھ اور گھریلو جھگڑوں کے نتیجے میں شہر میں خودکشی کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں ،اس لیے ہم لوگ اپنے خاندان اور گلی محلے کے افراد کی خبر گیری کریں ،ان کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کو دور کر کے ان میں مصالحت کرائیں اور غریبوں کی مالی مدد کریں۔
واضح ہو کہ ادارہ صوت الاسلام کے زیر اہتمام گزشتہ کئی ہفتوں سے سماج سدھا ر مہم جاری ہے جس کے تحت پورے شہر میںجگہ جگہ کارنر میٹنگیں لی جارہی ہیں ،سنیچر کے روز منعقد کی گئی میٹنگوں کوکامیاب بنانے کے لیے حافظ محمد اشفاق ملی (امام مسجد سائرہ ورکن گلشن خطابت گروپ)جناب اخلاق بھائی ،راجو بھائی ،حسین بھائی ،رضوان بھائی، خلیل احمد، فیصل شکیل رحمانی ،حافظ شفیع اور اشفاق بھائی وغیرہ نے جدو جہد کی ۔اسی طرح جناب شعبان احمد صاحب (پکارے والے )اپنا اسپیکرفراہم کر کے معاونت کی۔اللہ پاک ان تمام معاونین کو جزائے خیر عطا فرمائے۔پیر کے روز دیانہ کے مختلف علاقوں عیدومقادم چوک وغیرہ میں مزیدکارنر میٹنگوں کا انعقاد کیا جائے گا ۔ان شاء اللہ
0 Comments