ہوپس انڈیا ممبئی اور حضرت آمنہ ٹرسٹ مالیگاؤں کی معاونت سے چالیس گاؤں میں منعقدہ میڈیکل کیمپ کامیابی سے ہمکنار  


 

ہوپس انڈیا ممبئی اور حضرت آمنہ ٹرسٹ مالیگاؤں کی معاونت سے چالیس گاؤں میں منعقدہ میڈیکل کیمپ کامیابی سے ہمکنار   
 

 چالیس گاؤں /  11 جنوری (پریس نوٹ) 
تہذیب اسکول چالیس گاؤں میں 11 جنوری 2026 کو ہوپس انڈیا ممبئی اور حضرت آمنہ ٹرسٹ مالیگاؤں کے تعاؤن سے اعلیٰ حضرت ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بڑے ہی اہتمام کے ساتھ میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا ، جو اپنے مقصد کے اعتبار سے توقع سے بھی زیادہ کامیاب رہا ، چالیس گاؤں کے علاوہ اطراف وجوانب کے گاؤں اور دیہاتوں سے بھی مریض بڑی تعداد میں اس کیمپ میں پہنچے ، اس میڈیکل کیمپ کے سبھی مہمانان نے مفتی سید محمد احمد رضا قادری اور مولانا سید عثمان غنی کے ہمراہ مشہور بزرگ اور ولی اللہ حضرت پیر سید موسیٰ قادری علیہ الرحمہ کے مزار شریف پر پہنچ کر پہلے   فاتحہ خوانی کی ، اس کے بعد میڈیکل کیمپ کے لیے روانہ ہوئے ، افتتاحی تقریب ہوپس انڈیا ممبئی کے فاؤنڈڑ حاجی ریحان انور دھوراجی والا کی صدارت میں اسکول کے گراؤنڈ میں منعقد کی گئی ، مختلف امراض کے مریضوں کے چیک اپ کے لیے اسکول کے الگ الگ کمروں میں انتظامات کیے گئے تھے ، سبھی ڈاکٹرز حضرات کے ساتھ معاونین کی ٹیمیں بنائی گئی تھیں ، کس مریض کو کس کمرے میں کس ڈاکٹر کے پاس جانا ہے ، اس کی تفصیل چھٹی کی صورت میں مریضوں کو گیٹ پر ہی ناموں کا اندراج کرنے والے اسٹال پر  فراہم کی جارہی تھی ، مریضوں کو دوائیں دینے کے لیے ایک بہت ہی شان دار اور وسیع اسٹال بنایا گیا تھا ، جہاں سے چالیس گاؤں کے فارمیسسٹ اعجاز خان، سجاد علی ، مبین منیار ، گنیش چودھری ، شاہد رضا  اپنے معاونین  عبدالواحد ، اویس شیخ، فیروز بیگ وغیرہ  کے ساتھ پوری مستعدی کے ساتھ مریضوں کو دوائیں دیتے رہے ، 



فزیوتھراپسٹ حمزہ خان اور شاہنواز شاہ نے بھی خدمات پیش کیں ، آر جی بی لیب کی جانب سے  کلدیپ سنگھ اور امول کوتھاواڑے نے اپنے اسٹاف کے ساتھ اس میڈیکل کیمپ میں حاضر رہ کر  مریضوں کی بلا معاوضہ خدمت کی ، جس کی سراہنا کی گئی ، عمران مجاور ، مونو دیشمکھ ، احمد رضا کے علاوہ مدرسہ فیضانِ اعلیٰ حضرت کے طلبا نے انتظامی امور میں گرم جوشی کے ساتھ حصہ لیا ، مختلف امراض کی دواؤں کا بہت بڑا ذخیرہ میڈیسین اسٹال پر موجود رہا ، جو مہمانان اور مریضوں کی توجہ کا خاص مرکز بنا رہا ،  اس اسٹال پر پہنچ کر  ڈاکٹرز صاحبان کی لکھی پرچی کے مطابق قیمتی اور مہنگی دوائیں مفت میں حاصل کرنے کے بعد مریضوں کی خوشی ان کے چہروں سے جھلک رہی تھی ،  ممبئی سے ساجد بھائی دھورا جی والا ، ایاز بھائی منیار ،  ڈاکٹر عبدالجبار ، ڈاکٹر سید نسیم  مالیگاؤں سے  غلام سرور حاجی حبیب الرحمن سیٹھ ، غلام فرید ، شاہد رضا کیمسٹ ، پاچورہ سے حاجی ناظم شیخ وغیرہ خصوصی مہمان کے طور پر افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے ، چالیس گاؤں کی تعلیمی سماجی اور سیاسی  شخصیات کے ساتھ ساتھ معزز علما و ائمہ ء مساجد کی موجودگی نے تقریب کو باوقار بنا دیا ،  خوب صورت شامیانہ میں سبھی مہمانان ، شرکاء اور مریضوں کو بیٹھنے کے لیے کرسیوں کا انتظام کیا گیا تھا ، مرد حضرات کے علاوہ خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد اس میڈیکل کیمپ  میں موجود رہی ، کیمپ کی زبردست   کامیابی کا اندازہ اس بات سے کیا جاسکتا ہے کہ مجموعی طور پر  دس ڈاکٹرز حضرات نے اس کیمپ میں اپنی خدمات پیش کیں جب کہ ایک ہزار سے زائد مریضوں نے اس کیمپ سے استفادہ کرتے ہوئے مفت دوائیں حاصل کیں ......... ، 
اس میڈیکل کیمپ کے پسِ منظر میں سماجی اور طبی مقاصد کو شکیل احمد سبحانی نے نہایت مؤثر انداز میں بیان کیا ۔ موصوف نے اس میڈیکل کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے والے سبھی ڈاکٹرز حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ حضرات کے تعاؤن کے بغیر یہ سب ممکن نہیں تھا ، موصوف نے کہا کہ طبی خدمات کا یہ سلسلہ اس کیمپ کے ساتھ ختم نہیں ہوگا بلکہ قادری طبی مرکز ( او پی ڈی سینٹر) سے اب سبھی مریضوں کو بالکل مفت دوائیں فراہم کی جائیں گی ، اس اوپی ڈی سینٹر  سے ہی  شگر، بلڈ پریشر، تھائیرائیڈ ، کڈنی ، ڈائیلسیس، آرتھو پیڈک  اور ہارٹ کے مریضوں کو ماہانہ دوائیں مفت اور بالکل رعایتی قیمتوں میں فراہم کی جائیں گی، جو مریض بہت زیادہ غریب اور مستحق ہوں گے انہیں ہر ماہ  بالکل مفت دوائیں دی جائیں گی  جب کہ دیگر مریضوں کو بہت ہی زیادہ رعایتی قیمت میں دوائیں فراہم کی جائیں گی ، لیکن اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے  مریضوں کو  رجسٹریشن فارم بھرنا ہوگا ، رجسٹریشن کے لیے ڈاکٹر کی فائل ، دواؤں کی 
پر چی  ( پرسکریپشن) مریض کا آدھار کارڈ اور دو فوٹو ضروری ہیں ، شکیل احمد سبحانی نے اپنی گفتگو میں ڈاکٹر عبدالغفار منڈیا صاحب کا خصوصی تذکرہ  کیا اور کہا کہ تہذیب اسکول میں اس میڈیکل کیمپ کے انعقاد کی خبرکو سن کر ڈاکٹر منڈیا صاحب نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے ، موصوف نے بتایا کہ ہم سب  تہذیب اسکول کے جس عالیشان کیمپس میں موجود ہیں وہ ڈاکٹر عبدالغفار منڈیا صاحب کی خاص توجہ کا مرہون منت ہے ، ڈاکٹر منڈیا صاحب نے چالیس گاؤں شہر کو  ایچ یو ایچ منڈیا پبلک اسکول ( انگلش میڈیم) کا بھی عظیم تحفہ دیا ہے ، جس کی وسیع و عریض بلڈنگوں کی دیدہ زیب و پرکشش اور خوب صورت تعمیر اور کیرلا کے قابل اساتذہ کے ذریعے دی جارہی معیاری تعلیم عوام و خواص کو متاثر کررہی ہے ، شکیل احمد سبحانی نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ڈاکٹر عبدالعفار منڈیا صاحب نے جس طرح مشہور و معروف بزرگ  حضرت پیر سید موسیٰ قادری علیہ الرحمہ کے اس شہر کو دو دو اسکولوں کا تحفہ دے کر علم کی شمع سے روشن کرنے کی عملی کوشش کی ہے اسی طرح مستقبل میں ایک ہاسپٹل کی تعمیر کے ذریعے شہر کے غریب،. محنت کش اور ضرورت مند عوام کی ایک اہم طبی ضرورت کو بھی پورا کرنے کی کوشش کریں گے  ........، 
جن ڈاکٹرز حضرات نے اس کیمپ میں اپنی خدمات پیش کیں ان میں ڈاکٹر حامد اقبال (MBBS, DCH)، ڈاکٹر مبشر جمیل (MBBS, DCH)، ڈاکٹر وسیم احمد (MBBS, MS آرتھو)، ڈاکٹر اظہر انجم (MBBS)، ڈاکٹر حسیب الرحمن (MBBS, DCH)، ڈاکٹر شاداب خان (MD, Medicine – ISM)، ڈاکٹر شیخ فہیم احمد (BAMS, DYA)، لیڈیز اسپیشلسٹ ڈاکٹر شمیلہ آفرین (MBBS, DDV) اور لیڈیز اسپیشلسٹ ڈاکٹر فرزانہ خان (BHMS) وغیرہ شامل ہیں ، 
 پروگرام کی نظامت شاہد سر نے بحسن و خوبی انجام دی ۔
اس موقع پر معززین شہر میں  شبیر نانا ، حاجی شکیل منصوری ، غلام دستگیر خان سر ، راجو ڈرائیور اور غفور پہلوان کے علاوہ نو منتخب کارپوریٹر  وسیم چیئرمین ، راجو دادا کے صاحبزادے ابھیشیک دیشمکھ اور  عمران شبیر شیخ  بھی موجود تھے ، ابھیشیک دیشمکھ نے ہوپس انڈیا کے فاؤنڈر حاجی ریحان انور دھوراجی والا اور حضرت آمنہ ٹرسٹ مالیگاؤں کے صدر ڈاکٹر حامد اقبال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ آپ حضرات کے تعاون سے اس عظیم الشان میڈیکل کیمپ کاانعقاد ہوا ،  عمران شبیر شیخ نے کہا کہ اس میڈیکل سے سیکڑوں مریض مستفیض ہورہے ہیں ، یہ دیکھ کر سبھی لوگوں کو دلی خوشی ہورہی ہے  ، امید ہے کہ اعلیٰ حضرت فاؤنڈیشن کی طبی خدمات کا یہ سلسلہ مزید وسیع ہوگا ، فاؤنڈیشن کے صدر  مفتی سید محمد احمد قادری ، اراکین ادریس باغوان، عقیل منصوری ، اعجاز خان ، آصف خان ، ناظم الدین قاضی ، سلیم خان ، فیروز پٹوے اور مظہر کھاتک نے کیمپ کی کامیابی کے لیے بڑی جاں فشانی کے ساتھ محنت کی ۔ نو منتخب کارپوریٹر فقیرا مرزا اور بابا ٹھیکیدار نے بھی اس میڈیکل کیمپ کی زبردست کامیابی پر  اعلی حضرت فاؤنڈیشن کو مبارکباد پیش کی ،