The global site tag (gtag.js) is now the Google tag. With this change, new and existing gtag.js installations will get new capabilities to help you do more, improve data quality, and adopt new features – all without additional code. مالیگاؤں ہیومن کیئر فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام اسلام پارٹی کے نومنتخب ضلعی صدر کا پُرتپاک استقبال

مالیگاؤں ہیومن کیئر فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام اسلام پارٹی کے نومنتخب ضلعی صدر کا پُرتپاک استقبال

 مالیگاؤں ہیومن کیئر فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام اسلام پارٹی کے نومنتخب ضلعی صدر کا پُرتپاک استقبال



مالیگاؤں (پریس ریلیز): یکم نومبر، بروز اتوار، شب کے اوقات میں مالیگاؤں ہیومن کیئر فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام ایک اہم مشاورتی نشست کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں اسلام پارٹی کے تین معزز کارپوریٹر حضرات کو بطورِ مہمانانِ خصوصی مدعو کیا گیا تھا۔ اس اہم نشست کی صدارت رمضان پورہ، وارڈ نمبر ۲ کی ممتاز سماجی و سیاسی شخصیت جناب راجو اگوا صاحب نے فرمائی۔

اس موقع پر رمضان پورہ، وارڈ نمبر ۲ کے سینئر کارپوریٹر جناب جبار ٹھیکیدار صاحب کی گل پوشی و تہنیت فاؤنڈیشن کے نائب صدر جناب فہیم اعظم کے دستِ مبارک سے عمل میں آئی۔ علاوہ ازیں، کارپوریٹر جناب کرن چوہان صاحب کو اسلام پارٹی کے ضلعی صدر کی حیثیت سے نامزد کیے جانے پر فاؤنڈیشن کے نائب صدر جناب ساجد احمد کے ہاتھوں تہنیت پیش کی گئی۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر شعبۂ خواتین و اطفال کی نائب چیئرپرسن محترمہ سلمہ شفیق آرگن صاحبہ کا استقبال فاؤنڈیشن کے صدر جناب فرحان رضا کے دستِ مبارک سے کیا گیا۔

نشست کے دوران اہلِ محلہ نے اپنے دیرینہ مسائل اور بنیادی ضروریات کو نہایت وضاحت اور دوٹوک انداز میں منتخب نمائندگان کے روبرو پیش کیا۔ بالخصوص رمضان پورہ، وارڈ نمبر ۲ میں آنگن واڑی مرکز، آروگیہ کیندر (صحت مرکز) اور زچہ خانہ کی تعمیر کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے ان منصوبوں کی فوری تکمیل پر زور دیا گیا۔

اہلِ محلہ نے اس امر پر بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا کہ مذکورہ بنیادی ضروریات کو ترجیح دینے کے بجائے شادی ہال اور جم خانہ کی تعمیر کو فوقیت دی جا رہی ہے، حالاں کہ موجودہ حالات میں وارڈ کے مکینوں کو ان منصوبوں سے کہیں زیادہ بنیادی شہری سہولیات کی اشد ضرورت ہے۔

اس کے علاوہ وارڈ میں بنیادی سہولیات کے فقدان اور شہری مسائل کی سنگینی کی جانب بھی نمائندگان کی توجہ مبذول کرائی گئی۔ بالخصوص گٹروں کی ناقص تعمیر، سڑکوں کی خستہ حالی، صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، جراثیم کش ادویات کے عدم چھڑکاؤ اور آبرسانی کے اوقات میں گٹروں کا آلودہ پانی سڑکوں پر بہہ آنے جیسے سنگین مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ اس صورتِ حال کے باعث راہ گیروں، بالخصوص نماز کے لیے مساجد کا رخ کرنے والے نمازیوں کو شدید دشواریوں اور اذیت ناک حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اہلِ محلہ کی جانب سے پیش کردہ تمام مطالبات اور مسائل کو بغور سماعت کرنے کے بعد اسلام پارٹی کے تینوں کارپوریٹر حضرات نے یقین دہانی کرائی کہ ان تمام امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے بہت جلد عملی اقدامات کا آغاز کیا جائے گا اور عوامی مسائل کے ازالے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

اس اہم مشاورتی نشست میں مالیگاؤں ہیومن کیئر فاؤنڈیشن کے عہدیداران و اراکین کے علاوہ مفتی مجیب اشرف فاؤنڈیشن کے اراکین، کوہِ نور ہوٹل کے روحِ رواں جناب شاہد ہوٹل والے اور کثیر تعداد میں اہلِ محلہ نے شرکت کرکے اپنی موجودگی درج کرائی۔

(ش ن الف)

Post a Comment

0 Comments