مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی محمد اسماعیل قاسمی کے لیٹرپیڈ کو غیر قانونی طور پر استعمال کیا تھا
مالیگاؤں (پریس ریلیز) گذشتہ برس اکتوبر مہینہ میں ممبئی کی ساکی ناکہ پولیس نے ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں واقع اسلام آباد علاقے سے تعلق رکھنے والے "ساجد اختر حیدر منشی" کو چار بنگلہ دیشی لوگوں کے جعلی دستاویزات بنانے اور انہیں ہندوستانی شہریت کے ثبوت اکھٹا کرنے میں مدد کرنے کے الزامات کے تحت گرفتار کیا تھا.
ملزم کی گرفتاری کے بعد مالیگاؤں شہر , ریاست اور ملک بھر میں بے چینی کا ماحول پیدا ہوگیا تھا۔اور ایسی باز گشت بھی سنائی دی تھی کہ مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی محمد اسماعیل قاسمی کے لیٹرپیڈ کو بھی ان لوگوں نے غیر قانونی طور پر استعمال کیا تھا تاکہ رہائشی ثبوت، آدھار کارڈ، پاسپورٹ وغیرہ بنایا جاسکے۔
اس معاملے میں مفتی اسماعیل قاسمی کا نام آنے کے بعد ان کے مخالفین خصوصی کانگریس پارٹی نے اس معاملے کی سی بی آئی اور سی آئی ڈی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔گزشتہ روز ممبئی کی قلعہ کورٹ کی مجسٹریٹ عدالت نے ملزم ساجد اختر حیدر منشی کو مشروط ضمانت پر رہا کیئے جانے کے احکامات جاری کیئے.
واضح رہے کہ ملزم کی پیروی ایڈوکیٹ شاہد ندیم نے کی۔ اس سے قبل ملزم کی دو مرتبہ ضمانت مسترد ہوچکی تھی جس کے بعد ملزم کے اہل خانہ مایوس ہوگئے تھے لیکن ایڈوکیٹ شاہد ندیم کے مقدمہ ہاتھ میں لینے کے دو دن کے اندر ہی ملزم کی ضمانت منظور ہوگئی جس سے ملزم کے اہل خانہ نے راحت کی سانس لی۔
مجسٹریٹ عدالت کی جج اے ایچ کاشیکر نے ملزم کو ایک ضمانت دار کے عوض میں جیل سے رہا کیئے جانے کے احکامات جاری کیئے، ایڈوکیٹ شاہد ندیم کی گذارش پر عدالت نے ملزم کو فوری طور پر بیس ہزار روپئے نقد جمع کرکے جیل سے رہا کیئے جانے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔
0 Comments