اترپردیش اسمبلی انتخابات کے دوران ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی کی گاڑی پر فائرنگ سے مچی افراتفری،اویسی بال بال بچ گئے، پولیس نے شروع کی جانچ
جھجارسی ٹول پلازہ کے پاس اسد الدین اویسی کی کار پر فائرنگ
اترپردیش اسمبلی انتخابات کے دوران ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی کی گاڑی پر فائرنگ سے افراتفری مچ گئی ہے ۔ یہ واقعہ چھجارسی ٹول پلازہ کے قریب پیش آیا۔ وہیں یوپی پولیس نے اسد الدین اویسی کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی جانچ شروع کر دی ہے۔ کئی سینئر پولیس افسران بھی جائے واقعہ پر پہنچ گئے ہیں ۔
اسد الدین اویسی نے خود ہی ایک ٹویٹ کے ذریعہ اس کی جانکاری دی ہے ۔ اسد الدین اویسی نے ٹویٹ کیا کہ کچھ دیر پہلے چھجارسی ٹول پلازہ پر میری گاڑی پر گولیاں چلائی گئیں ۔ چار راونڈ فائرنگ ہوئی ۔ تین چار لوگ تھے ، سب کے سب بھاگ گئے اور ہتھیار وہیں چھوڑ گئے ۔ میری گاڑی پنکچر ہوگئی ، لیکن میں دوسری گاڑی میں بیٹھ کر وہاں سے نکل گیا ۔ ہم سب محفوظ ہیں ۔ الحمدللہ ۔
وہیں نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق اسد الدین اویسی نے بتایا کہ میں میرٹھ کے کیتھور میں ایک انتخابی پروگرام کے بعد دہلی جا رہا تھا۔ کچھ لوگوں نے چھجارسی ٹول پلازہ کے قریب میری گاڑی پر 3-4 راؤنڈ فائر کئے۔ وہ کل 3-4 لوگ تھے۔ سب بھاگ گئے اور ہتھیار وہیں چھوڑ دیا۔
بتا دیں کہ حیدرآباد کے ایم پی اور اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی کی پارٹی یوپی میں بھاگیداری پریورتن مورچہ کے ساتھ مل کر الیکشن لڑ رہی ہے۔ یہی نہیں ان دنوں وہ مغربی یوپی کے کئی اضلاع میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ دراصل مغربی یوپی میں ہی پہلے مرحلے کی پولنگ 10 فروری اور دوسرے مرحلے کی پولنگ 14 فروری کو ہونی ہے۔
0 Comments