گیارہویں جماعت میں داخلہ نہ پانے والے طلباء و طالبات پروفیشنل کورسیس کی جانب توجہ دیں
دسویں کے بعد گیارہویں سائنس کے متبادل و مساوی کورسیس میں کریئر کے بہتر مواقع
مالیگاؤں (ایس این انصاری) دسویں کامیاب ہونے کے بعد طلباء و طالبات کا زیادہ تر رجحان گیارہویں سائنس، آرٹس اور کامرس کی جانب ہوتا ہے۔ گیارہویں کی تینوں اسٹریم میں داخلے میرٹ کی بنیاد پرجونیئر کالجوں میں ہوتے ہیں۔ زیادہ نمبرات حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کا اچھی جونیئر کالجوں میں سائنس اسٹریم میں داخلہ ممکن ہو جاتا ہے۔ بقیہ طلباء و طالبات کے پاس کامرس اور آرٹس اسٹریم متبادل ہوتے ہیں۔اس میں بھی معیاری جونیئر کالجوں میں میرٹ کی بنیاد پر ہی داخلے ممکن ہوتے ہیں۔ جونیئر کالجوں میں محدود نشستیں ہونے کی وجہ سے گیارہویں جماعت میں داخلہ نہ پانے والے ایسے طلباء و طالبات کے پاس کوئی بھی متبادل نہیں بچتا ہے اور انھیں مجبوری میں تعلیم قطع کرنی پڑتی ہے اوروہ اعلی تعلیم سے محرومی کا شکار ہو جاتے ہیں۔
ناسک بورڈ کے ظاہر کئے گئے نتائج کے مطابق امسال مالیگاؤں شہر میں کل 7187طلباء وطالبات نے دسویں کامیاب کیا۔ واضح رہے شہر میں موجود جونئیر کالجوں میں گیارہویں سائنس (1730)، آرٹس(1420) اور کامرس(200) اس طرح تقریبا 3350ہی سٹیں ہیں۔ اس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ دسویں جماعت کامیاب طلبہ کی کل تعداد میں سے تقریبا نصف فیصد طلبہ کی تعداد گیارہویں جماعت میں داخلے سے محروم ہو جاتی ہے۔ اعدار و شمار کے مطابق امسال 3837طلبہ کو گیاہویں جماعت میں داخلے نہیں ملے گے۔ واضح رہے ہر سال یہی معاملہ اور مسائل دسویں کامیاب ہونے والے نصف فیصد طلباء و طالبات کے ساتھ ہوتا آرہا ہے۔ جس کی وجہ سے شہر میں ڈراپ آؤٹ کا تناسب بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ ایسے تمام طلباء و طالبات کو دوسرے بہتر متبادل و مساوی کورسیس کی جانب توجہ دینی چاہئے۔
دسویں کامیاب ہونے بعد گیارہویں بارہویں (سائنس، آرٹس اور کامرس) متبادل و مساوی کورسیس میں کریئر کے بے شمار مواقع ہوتے ہیں جن سے طلباء و طالبات استفادہ کریں۔ جن طلباء وطالبات کا جونیئر کالجوں میں محدود نشستوں کی وجہ سے گیارہویں جماعت میں داخلے ممکن نہیں ہوسکے یعنی ان کی من چاہی اسٹریم اور جونیئر کالج میں داخلے نہیں ملے۔ ایسے طلباء و طالبات کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ دسویں کامیا ب کر لینے کے بعد پرفیشنل کورسیس، ڈپلومہ کورسیس، پیرا میڈیکل کورسیس، اسکل کورسیس اور دیگر سرٹیفکیٹ والے ٹریننگ کورسیس موجود ہیں جنھیں مکمل کر لینے کے بعد فوری طور پر روزگار سے جڑا جاسکتا ہے اور خود کا کاربار بھی شروع کیا جاسکتا ہے۔ ایسے تمام کورسیس کی مارکیٹ میں بہت زیادہ ڈیمانڈ ہوتی ہے۔
دسویں کامیاب ہونے کے بعد انجینئرنگ کی تمام فیلڈ میں بہتر مستقبل بنایا جاسکتا ہے۔ دسویں کے بعدتین سالہ انجینئرنگ ڈپلومہ کورسیس میں داخلے ممکن اور آسانی سے ہوجاتے ہیں۔ مہاراشٹر ٹیکنیکل بورڈ آف ایجوکیشن کے زیر اہتما م ریاست بھر کی تمام پالی ٹیکنیک کالجوں میں آن لائن رجسٹریشن شروع ہوچکے ہیں۔ مالیگاؤں شہر میں مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس (منصورہ)کیمپس میں دسویں کے بعد کمپیوٹر انجینئرنگ، سول انجینئرنگ اور میکا نیکل انجینئرنگ میں داخلے جاری ہیں۔ منصورہ انجینئرنگ کالج میں معیاری تعلیم،مناسب فیس، میناریٹی اسکالرشپ، پلیس منٹ،تجربہ کار اساتذہ، لیباریٹریز، کمپیوٹر ٹریننگ سینٹر، سینٹرل لایبریری،گارڈن، کینٹین اور دیگر طرح کی تمام تر سہولیات موجود ہیں۔ پالی ٹیکنیک کالجوں میں داخلے کی آن لائن رجسٹریشن آخری تاریخ 21جولائی 2022 ہے خواہشمند طلباء و طالبات جلد رجسٹریشن کریں۔
0 Comments