گزشتہ دو ہفتوں سےشہر مالیگاؤں میں ’’رشتہ نکاح آسان کرو مہم‘‘جاری ہے،
اس مہم کا مقصد یہ ہے کہ نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں نیز مطلقہ اور بیوہ خواتین کے رشتہ ٔ نکاح کے سلسلے میں جو دشواریاں پائی جارہی ہیں ان کو دور کیا جاسکے،چنانچہ اس غرض سے شہر بھر کے اہلکار حضرات سے مشورہ کیا گیا، اس کے بعد گزشتہ جمعہ کو شہر اور بیرون شہر کی سینکڑوں مساجد میں نماز جمعہ سے قبل رشتہ نکاح کے موضوع پرگلشن خطابت کے مقررین اور دیگر ائمہ مساجد اور مقررین نے خطاب کیا ، اس طرح نماز جمعہ سے قبل مساجد میں بیانات کے ذریعے مرد حضرات کو رشتہ نکاح سے متعلق اسلامی تعلیمات وہدایات سے واقف کرایا گیا،لیکن خواتین اب بھی ان باتوں سے نا واقف ہیں ،حالانکہ رشتہ نکاح طے کرنے میں خواتین کا کردار زیادہ اہم ہوتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ خواتین کے دینی اجتماعات میں بھی رشتہ نکاح کے موضوع پر خطاب کیا جائے، تا کہ خواتین بھی رشتہ نکاح سے متعلق اسلامی تعلیمات سے واقف ہوسکیں ۔
آج اس سلسلے میں ہورہی کوتاہیوں اور دینداری ، سیرت و اخلاق کے بجائے غیر ضروری باتوں ( رنگ روپ ، مالداری) کو بنیاد بنانے کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں بن بیاہی لڑکیاں اور مطلقہ اور بیوہ خواتین اپنے گھروں میں اچھے اور مناسب رشتہ نکاح کے انتظار میں ہیں ، ضرورت اس بات کی ہے کہ اس سلسلے میں مزید بیداری لائی جائے ،لہذا خواتین کے دینی اجتماعات کا انعقاد کرنے والے افراد اور اس میں بیان کرنے والی لائق احترام معلمات سے گزارش ہے کہ وہ اصلاح معاشرہ کی اس کوشش میں اپنا تعاون پیش کریں اور آنے والے دنوں میں اپنے زیر نگرانی ہونے والے دینی اجتماعات میں رشتہ نکاح کے موضوع پر خطاب کرنے اور کروانے کا اہتمام کریں۔
اسی کے ساتھ ساتھ ایک پمفلٹ ’’رشتہ نکاح سے متعلق ہدایات‘‘کے عنوان سے شائع کیا گیا،جس میں رشتہ نکاح طے کرنے سے متعلق ہدایات درج ہیں ، اور رشتہ نکاح میں آسانی کے لیے وظیفہ اور نماز استخارہ کا طریقہ بھی لکھا ہوا ہے۔یہ پمفلٹ جمعہ کو متعدد مساجد سے تقسیم کیا گیا اسی طرح بعض کلبوں اور اداروں کے نوجوانوں نے اپنے طور پر بھی اس کو گھروں گھر تقسیم کیا،اگر یہ پمفلٹ بڑی تعداد میں چھپوا کر دینی اجتماعات کے ذمہ داران خواتین میں تقسیم کروادیں تو آسانی کے ساتھ یہ ایک ایک گھر تک پہنچ جائے گااور رشتہ نکاح طے کرنے کے سلسلے میں جو بے بنیا د باتیں اور رکاوٹیں پائی جاتی ہیں وہ دور ہوسکیں گی اور عام مسلمان اسلامی ہدایات کی روشنی میں آسانی کے ساتھ اپنی اولاد کے لیے رشتہ نکاح کا انتخاب کرسکیں گی۔
امید ہے کہ دینی اجتماعات کے منتظمین ان گزارشات پر توجہ دیں گے!
گزارش کنندگان: مفتی محمد عامر یاسین ملی و اراکین گلشن خطابت گروپ مالیگاؤں
نوٹ:سہولت کی غرض سے رشتہ نکاح کے موضوع پر مکمل تقریر تیار کر کے تحریری طور پر شائع کی گئی ہے ،لہذا منتظمین سے گزارش ہے کہ مندرجہ ذیل نمبر پر رابطہ کر کے یہ تقریر حاصل کرلیں اور اسے معلمات تک پہنچادیں ۔8446393682
0 Comments