شہر مالیگاؤں میں ان دنوں بڑھتی ہوئی سماجی برائیوں بطور خاص خودکشی ،نشہ خوری ،لڑائی جھگڑوں اور نوجوان نسل کی بے راہ روی کے واقعات پر روک لگانے
اور لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے تمام دینی وملی تنظیموں کے ذمہ دار افراد اور تمام مسالک ومکاتب فکر کی نمائندہ شخصیات کی جانب سے مشترکہ جدوجہد کی جارہی ہے۔کل بروزجمعرات دو پہر میں تین بجے اس سلسلے میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس اردو میڈیا سینٹر میں لی گئی، جس میں تمام مسالک و مکاتب فکر کی نمائندہ شخصیات موجود تھیں، اس موقع پر ادارہ صوت الاسلام کے صدر مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے بتایا کہ تمام مسالک ومکاتب فکر کے متحرک افراد پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو شہر بھر میں بیداری لانے کے لیے آنے والے دس دنوں میں شہر مالیگاؤں کے دو سو مقامات پر کارنر میٹنگ منعقد کرے گی ۔نوجوان عالم دین مفتی محمد عامر یاسین ملی صاحب کو اس کمیٹی کا کنوینر نامزد کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کل بروز جمعہ بعد نماز جمعہ سےکارنر میٹنگوں کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے،سنیچر سے روزانہ عشاء کے بعد شہر کے دو الگ الگ علاقوں میں دس دس مقامات پر کارنر میٹنگ کے ذریعے عام لوگوں بطور خاص نوجوانوں کو نشہ ،خودکشی ،لڑائی جھگڑے اور ناجائز تعلقات کے نقصانات سے آگاہ کیا جائے گا،اور ان سے گزارش کی جائے گی کہ اپنی جان ومال کی حفاظت اور دنیا و آخرت کی کامیابی کے لیے سماجی برائیوں سے خود بھی بچیں اور دوسروں کو بھی بچانے کی کوشش کریں۔مولانا محترم نے شہر کے تمام دینی ، فلاحی اداروں ، کلبوں اور ملی تنظیموں کے ذمہ داران اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سماج سدھار مہم میں شریک ہوں اور اپنے سماج کو پاکیزہ بنانے کی کوشش کریں،یہ وقت کا اہم تقاضہ ہے۔
0 Comments