پچاس سے زائد میٹنگوں میں ہزاروں افراد کی شرکت
افراد کے ملنے سے خاندان وجود میں آتا ہے اور مختلف خاندانوں کے اکٹھا ہوجانے سے سماج بنتا ہے ،اگر سماج کا ماحول پاکیزہ ہوگا تو گھر اور خاندان کا ماحول بھی پاکیزہ ہوگا،اس لیے سماج کے ہر فرد کو سماج میں پائی جانے والی برائیوں کو مٹانے اور اچھائیوں کو پھیلانے کی کوشش کرنی چاہیے ، یہ ہمارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم ہے۔ اس طرح کا واضح اور بامقصد پیغام مفتی محمد عامر یاسین ملی(کنوینر برائے کارنرمیٹنگ ) نے سماج سدھار مہم کے تحت ہوٹل چار مینار (آگرہ روڈ) میں منعقد کی گئی میٹنگ میں کیا،انہوں نے کہا کہ اگر ہم دنیا اور آخرت میں کامیابی چاہتے ہیں تو اپنے وقت کا صحیح استعمال کریں،بطور خاص موبائل کے غیر ضروری استعمال سے بچیں،اسی طرح اپنی صحت کی حفاظت کریں اور نشہ آور چیزوں سے بچیں،ساتھ ہی اپنے مال کو صحیح مصرف میں خرچ کریں،اس میٹنگ میں کئی سو نوجوان شریک ہوئے اور پوری توجہ کے ساتھ پیش کی گئی باتوں کو سنا اور ہاتھ اٹھا کر ان پر عمل کرنے کا عزم ظاہر کیا،یہ میٹنگ مورخہ ۲۶؍ستمبر پیر کے روز بعد نماز عشاء منعقد کی گئی ،اس سے قبل گولڈن نگر ،جعفر نگر،ملت نگر(نئی بستی )،رضا پورہ،بسم اللہ باغ ،ساٹھ فٹی روڈ ،نورنگ کالونی اور پوار واڑی کے مزید سولہ مقامات پر کارنر میٹنگیں ہوئیں ،جن میں مفتی محمد خالد ملی ،مولانا سلمان تجویدی اور مفتی کفیل احمد رحمانی نے خطاب کیا،ان حضرات نے اپنی گفتگو میں نشہ ،خودکشی،بد نگاہی ،ناجائز تعلقات اور موبائل کے غلط استعمال جیسی سماجی برائیوں پر روشنی ڈالی اور ان کے نقصانات سے آگاہ کیا،نیز والدین اور سرپرستوں سے گزارش کی کہ وہ اپنی اولاد کی تعلیم وتربیت کی فکر کریں ،اسی طرح نوجوانوں سے بھی درخواست کی کہ اپنے مال کو نشہ آور چیزوں پر خرچ کر کے بیماریوں کو دعوت نہ دیں بلکہ صحت بخش مقوی غذائیں استعمال کر کے اپنے جسم کو مضبوط بنائیں تا کہ دین ودنیا کی بھلائی کے کام کرسکیں۔ اسی طرح غریبوں اور پریشان حال لوگوں کی مدد کرنے کے لیے اپنا خرچ کریں اس کا اللہ کے یہاں بڑا اجر ہے۔
واضح ہو کہ گزشتہ جمعہ سے ادارہ صوت الاسلام کے زیر اہتمام سماج سدھار مہم کے تحت کارنر میٹنگوں کے انعقاد کا سلسلہ دراز ہے،اب تک شہر کے پچا س سے زائد مختلف چوک چوراہوں پر یہ میٹنگیں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوچکی ہیں ۔یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ میٹنگوں میں چھوٹی بڑی عمر کے افراد بطور خاص نوجوان شوق سے شریک ہورہے ہیں اور دلچسپی کے ساتھ مقررین کی باتوں کو سن رہے ہیں ۔بعض نوجوان پیش کی گئی باتوں کو اپنی موبائل میں ریکارڈ بھی کررہے ہیں تا کہ دوسروں کو سنا سکیں،مقررین بھی پوری تیاری اور درد مندی کے ساتھ قرآن وحدیث کی روشنی میں باتیں پیش کررہے ہیں،ہر میٹنگ کے اختتام پر دعا کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے کہ اللہ پاک کہی گئی باتوں میں اثر پیدا فرمائے اور سننے والوں کو عمل کی توفیق بخشے۔
پیر کے روز منعقد کی گئی میٹنگوں کے انعقاد کے لیے جناب محمد یوسف رحمانی ،قاری شکیل احمد رحمانی،خلیل احمدازہری،فیصل شکیل رحمانی ،حافظ ابو طالب ملی ،حافظ فرقان ملی اور حافظ سعد اختر ملی نے جدوجہد کی،اسی طرح مولانا انوارالرحمن محمدی (جمعیت اہل حدیث)ابواللیث رحمانی ،ممتاز احمد نعمانی،عرفان احمد ،فہیم احمد انصاری اور ابو نعمان انصاری وغیرہ بھی شریک رہیں۔مفتی محمد عامریاسین ملی نے بتایا کہ منگل کے روز رونق آباد ،عباس نگر ،نیا آزاد نگر،سلیم منشی نگراور اطراف کے علاقوں میں کارنر میٹنگوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ان شاء اللہ
0 Comments