کامیاب کریں !مفتی محمد عامریاسین ملی
والدین اولاد کی تربیت کرلیں تو معاشرہ بڑی حد تک سنور جائے!الحاج اطہر حسین اشرفی
ادارہ صوت الاسلام کے زیر اہتمام سماج سدھار مہم کے بینر تلے جمعرات اور جمعہ کو بھی کارنر میٹنگوں کا سلسلہ جاری رہا ،جمعرات کے روز شہید عبد الحمید (کسمبا)روڈ پر پانچ جگہوں پر کارنر میٹنگیں منعقد ہوئیں جن میں سینکڑوں افراد شریک ہوئے ،تمام جگہوں پر مفتی محمد عامر یاسین ملی نے خطا ب کیااور سماج سدھار مہم کے تعلق سے بتایا کہ یہ پورے شہر کے ذمہ دار ان اور تمام مسالک ومکاتب فکر کی نمائندہ شخصیات کی مشترکہ کوشش ہے،جس کا مقصد نئی نسل کو بے راہ روی اور بری عادتوں سے بچانا ہے،یہاں جمعیت اہلحدیث کے نمائندے مولانا انوار الرحمن محمدی نے بھی خطاب کیا اور سماجی برائیوں پر قرآن و حدیث کی روشنی میں روشنی ڈالی، انہوں نے اہلیان شہر سے گزارش کی کہ اس مہم میں حصہ لیں اور اپنی اولاد کو سماجی برائیوں بطور خاص نشہ کی لت سے بچانے کی کوشش کریں،ان میٹنگوں کے انعقا دکے لیے مدرسہ عکرمہؓ کے اساتذہ بطور خاص قاری ریحان فردوسی صاحب اور حافظ عرباض نے خصوصی دلچسپی لی اور میٹنگوں کو کامیاب بنایا ۔اس موقع پر گلشن خطابت گروپ کے ارکان مولانا سلمان تجویدی صاحب ،مفتی محمد ناظم ملی صاحب ،اسی طرح مدرسہ علی مرتضی کے استاذ حافظ سعید ملی،اور جناب شعبان احمد پکارے والے حاضر رہے۔
اسی دن صدیقی ڈیگ سروس کے پاس (رسول پورہ)اجمل والی بال گرائونڈ (اسلام آباد)اور نعمانی گارڈن کے پاس بھی کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ،تمام جگہوں پر مفتی شارق صاحب (امام وخطیب منو مسجد)نے حاضرین سے خطاب کیا ،اور ان کو معاشرے کی اصلاح اور درستگی سے متعلق فکر دلاتے ہوئے کہا کہ اپنے آپ کو اور اپنی اولاد کو دوزخ کی آگ سے بچانا ہر مسلمان کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس کے لیے ضروری ہے وہ اپنے آپ کو اور اپنی اولاد کو گناہوں اور معاشرتی خرابیوں سے بچانے کی جدوجہد کرے۔
جمعہ کے روز ہاکر س یونین کے صدر جناب شیخ سلمان صاحب کی معاونت سے محمدیہ رکشا اسٹاپ قدوائی روڈ ،مدو بابا مسجد کے پاس ،جونی مسجد کے پاس ،راجو کی ہوٹل (اسلام پورہ )،للے چوک اورملن ہوٹل کے پاس (مچھلی بازار)کارنر میٹنگوں کا انعقاد ہوا ،تمام جگہوں پر مفتی محمد عامر یاسین ملی نے خطاب کرتے ہوئے تفصیل کے ساتھ نشہ ،خودکشی ،قتل اور ناجائز تعلقات کے اسباب اور ان کے حل پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ ہر شخص اپنے گھر اور محلے سے ان برائیوں کو دور کرنے کی کوشش کرے۔اس موقع پر سنی اشرف اکیڈمی کے صدر جناب الحاج اطہر حسین اشرفی صاحب بھی حاضر رہے اور مچھلی بازار میں ملن ہوٹل کے پاس حاضرین سے خطا ب بھی کیا، انہوں نے کہا کہ علماء کرام اپنے سماج کو بچانے کے لیے مسجدوں اور مدرسوں سے نکل کر گلی گلی اور چوک چوراہوں میں گھوم پھر کر ہمیں برائیوں سے روکنے کی کوشش کررہے ہیں ،اس لیے ہمیں ان علماء کرام کا شکر گزار ہونا چاہیے اور مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب کی قیادت میں چل رہی سماج سدھار مہم میں حصہ لینا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ اگر تمام والدین اپنی اپنی اولاد کی تربیت اور نگرانی کرلیں تو معاشرہ بڑی حد تک سنور سکتا ہے،موصوف نے اپنی گفتگو میں نوجوانوں کو نشہ چھوڑنے کی تلقین کی اور بتایا کہ جس گھر میں نشے کا عادی شخص رہتا ہے اس گھر کی بیٹیوں کا رشتہ نکاح طے ہونا مشکل ہوجاتا ہے،اس لیے نوجوان اپنے آپ کو نشے کی لت اور دیگر سماجی برائیوں سے بچائیں۔
جمعہ کے ہی روز ابراہیم ہوٹل کے پاس (بیلباغ) ،صراط چوک ،امن چوک میں بھی کارنر میٹنگوں کا انعقاد کیا گیا جن میں مفتی شارق صاحب اور مفتی محمد خالد ملی نے فکر انگیز گفتگو کی اوربتایا کہ بڑھتی ہوئی سماجی برائیوں کی وجہ سے شہر کی نیک نامی متاثر ہورہی ہے ،اگر سماجی خرابیوں کو وقت رہتے روکنے کی کوشش نہیں کی گئی تو اس کے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں ۔اس موقع پر مولانا سلمان تجویدی، خلیل احمد ازہری، عزیز احمد رحمانی، فیصل شکیل رحمانی، جناب عبد الصبور انجینئر اور جناب فیصل نفیس صاحب نے ان میٹنگوں کے انعقاد کے لیے جدوجہد کی،جمعہ کی تعطیل ہونے کی وجہ سے تمام جگہوں پر کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور سماج سدھار مہم کے تحت پیش کیے گئے پیغام کو سنا اور کارنر میٹنگوں کے انعقاد کی سراہنا کی۔
0 Comments