ممبئی 6مارچ (فرحان حنیف وارثی) پاور لوم کے شہر مالیگاؤں میں وقتاً فوقتاً پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا میں اپنی جگمگاہٹ بکھیرتے رہتا ہے - اس مرتبہ بنکروں کے اس تاریخی شہر سے تعلق رکھنے والے پاور لوم مزدور اور کم تعلیم یافتہ نوجوان فکشن رائٹر احمد نعیم کو ادبی جنون اور پڑھنے لکھنے کے شوق کی وجہ سے عالمی پہچان ملی ہے - اُن کی نظم "ماچس" شوشل میڈیا پر دھوم مچانے کے بعد اب عربی زبان میں منتقل کی گئی ہے - عربی کی معروف رائٹر اور مترجم خورشید نسرین المعروف امواج الساحل صاحبہ نے اس نظم کا عربی ترجمہ کیا ہے اور افریقہ کی مشہور رائٹر مریم ثمر نے نے اپنے عالمی یوٹیوب چینل پہ عربی زبان میں منتقل ہونے والی اس نظم کو اپنے یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا ہے - یوٹیوب چینل پر بھی احمد نعیم کی اس نظم کو پسند کیا جارہا ہے - احمد نعیم نے قلیل مدت میں اپنی لگن اور ادبی جنون سے شوشل میڈیا پر اپنی پہچان بنائی ہے - وہ رات کو ایک مقامی پاور لوم پہ مزدوری کرتے ہیں اور دن میں جدید مابعد جدید ادب کا مطالعہ کرتے ہیں - اُن کی ایک خاص بات یہ ہے کہ وہ اپنے خیالات اور ادبی کمنٹس کو فیس بک پر شئیر کرتے ہیں - ان کی جاری کردہ بیشتر پوسٹ سے بحث و مباحثہ کے در کھلے ہیں - احمد نعیم کے مایکروفکشن کا اس سے قبل ہندی، پنجابی، بلوچی، سندھی، زبانوں میں ترجمہ ہوچکا ہے - مقبول فکشن رائٹر "خالد جاوید کے مداح احمد نعیم نے اپنی جدت، لہجے اور بیباکی سے کم وقت میں اپنے ہم عصروں میں ایک منفرد شناخت بنائی ہے اور اب وہ بڑی تیزی سے ادبی دنیا میں اپنی موجودگی درج کروارہے ہیں
0 Comments